سوشل میڈیا پر مذہبی شخصیات سے متعلق مجھ سے منسوب خبریں جھوٹی ہیں، قانونی کارروائی کروں گا:فواد چودھری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مذہبی طبقات اور شخصیات سے متعلق مجھ سے منسوب کرکے پھیلائی جانیوالی خبریں بے بنیاد ہیں اور میں نے ایسا کرنیوالوں کے خلاف ایف آئی سے رابطہ کرلیا ہے۔جھوٹ پھیلانے والوں کو عنقریب کو گرفتار کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں فواد چودھری نے اپنے حوالے سے شوشل میڈیا پر چلائے جانیوالے مذ ہبی جماعتوں سے متعلق بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے منسوب ان بیانات اور افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں سے میرے نام سے جعلی فیس بک اکاﺅنٹس بنا کر مذہبی طبقات اور شخصیات کے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی ہے اور مجھ سے منسوب کرکے کہا جا رہا ہے کہ ہم کو ان مذہبی شخصیات اور طبقات کے ووٹوں کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ایسے لوگوں کو عقل استعمال کرنے کی ضرورت ہے کہ کیا کسی سیاسی جماعت کا ترجمان ایسے بھی کہہ سکتا ہے؟انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کا بھی حکم ہے کہ جب بھی کوئی تمہارے پاس خبر لیکر آتے اس کی تصدیق کیا کرواور تصدیق کا بڑا آسان طریقہ ہے کہ آپ میرے آفیشل فیس بک اکاﺅنٹ اور ٹوئٹر پر آئیں اور وہاں دیکھیں کہ یہ بات ہے یا نہیں ہے ۔اپنی طرف سے بنائی گئے ان جعلی اکاﺅنٹس کو مسترد کریں اور پاکستان کا مفاد اس بات میں ہے کہ ہم جھوٹی خبروں کے خلاف جہاد کریں۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میں نے ایسی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت کردی ہے اور عنقریب ان کا پتہ چلا کر ان کو گرفتار کیا جائے گا۔