غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں،اپنی عبادات میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں :علاؤالدین مری 

غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں،اپنی عبادات ...
غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں،اپنی عبادات میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں :علاؤالدین مری 

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے تمام اہل وطن کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی عبادات میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور اس مبارک دن کے موقع پر غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

اپنے ایک تہنیتی پیغام میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عیدالفطر رمضان المبارک کے بعد اپنے پرہیزگار اور نیک بندوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انعام ہے جو پورے ماہ تزکیہ نفس کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لئے روزے رکھتے اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر کا دن ان تمام مسلمانوں کے لئے خوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے اور اس دن اللہ تعالیٰ اپنے متقی اور عبادت گزار بندوں سے خوش ہوکر ان کی تمام دعائیں قبول فرماتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا تقاضہ کرتاہے کہ ہم اپنی خوشیوں میں ان افراد کو بھی شامل کریں جو یہ دن منانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لہٰذا موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ اپنے گروہی اور لسانی اختلافات کو بھلا کراسلام اور پاکستان دشمن عناصر کے مقابلے میں اتحادواتفاق کے ساتھ ایک ہوجائیں اور انتہا پسندی، شرانگیزی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان  نے کہا کہ آئیں آج کے دن ہم اپنے ان سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں  نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کی حفاظت کرے اور پوری مسلم امہ کو اتحاد ویکجہتی عطاء فرمائے اور دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے۔

مزید : علاقائی /بلوچستان /کوئٹہ