عیدالفطر پر ہمیں مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے: حافظ سعید

عیدالفطر پر ہمیں مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے: ...

لاہور( صباح نیوز) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی عروج پر ہے، ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے، فرقہ واریت ختم اور نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اس ملک کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے، عید الفطر کے موقع پر ہمیں کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی طرح دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے بلکہ ان کی عزتوں و حقوق کے تحفظ کیلئے ہر مسلمان کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہئے اور دکھی انسانیت کی خدمت و مظلوم مسلمانوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے،پوری قوم دشمن قوتوں کی اسلام پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے۔ ا ن خیالات کااظہاانہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کیا۔حافظ سعید نے مزید کہاکہ آج ہم عید الفطر ان ایام میں منا رہے ہیں کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی عروج پر ہے،کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔ امت مسلمہ اس وقت شدید مشکلات اور آزمائشوں سے دوچار ہے۔ بیرونی قوتیں تمام تر وسائل اور ٹیکنالوجی کے ہمراہ اسلام اور مسلمانوں پر حملہ آور ہیں اور خاص طور پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ مسلم امہ کو چاہیے کہ وہ دشمن قوتوں کی سازشوں اور ان کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے کیلئے متحد و بیدار ہو جائے۔ عیدالفطر کے بعد بھی ہمیں رمضان المبارک کے پیغام کو نہیں بھلانا چاہئے۔ مسلمان اپنے گھروں میں قرآن و سنت نافذ کریں، خواتین سمیت معاشرے کا ہر فرد اپنی زندگی کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرے قرآن و سنت پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا حصول ممکن ہے۔

حافظ سعید

مزید : صفحہ آخر