چڑیاگھر اور سفاری زو آنے والوں کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات

چڑیاگھر اور سفاری زو آنے والوں کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات

لاہور ( سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب خالد ایاز خان نے ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر اور ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زو کو عید کی چھٹیوں کے دوران آنے والے سیاحوں کا تحفظ سو فیصد یقینی بنانے اورانہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدائت کی ہے ۔ضرورت پڑنے پرفیلڈ سے مزید وائلڈلائف واچرز منگوا کر انہیں ڈیوٹی پر مامور کرنے اور سکیورٹی پر تعینات سٹاف کوہمہ وقت چوکس رکھنے کیلئے کہا ہے۔انہوں نے یہ بات یہاں سفاری ز و اور لاہور چڑیا گھر میں عید کی چھٹیوں کے حوالے سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔ ڈی جی جنگلی حیات نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران لاہور چڑیا گھر میں سیاحوں کی حفاظت کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں او ر چڑیا گھر کے داخلی دروازوں پر 6 واک تھرو گیٹ نصب کئے جا رہے ہیں جن میں سے 4 واک تھرو گیٹ وکٹوریہ گیٹ(مال روڈ) جبکہ 2 واک تھرو گیٹ لارنس روڈ گیٹ پر نصب کئے جائیں گے جبکہ ایک واک تھرو گیٹ سٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 12 میٹل ڈیٹیکٹرز سے ہر آنے والے سیاح کو چیک کر کے چڑیا گھر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ 32 کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سیاحوں کو ٹھنڈا اور صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور 5 چلرز نصب کر دیئے گئے ہیں۔ چڑیا گھر انتظامیہ کی کہ وہ اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ میں رہیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ، ہلال احمر کی ایمبولینس، ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کی موجودگی بھی یقینی بنائیں ۔قبل ازیں خالد ایاز خان نے سفاری زو کا بھی دورہ کیا ۔

چڑیا گھر

مزید : صفحہ آخر