اختلافات بھلا کر دشمن کے مقابلے میں ایک ہوجائیں، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان

اختلافات بھلا کر دشمن کے مقابلے میں ایک ہوجائیں، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (آئی این پی ) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاء الدین مری نے تمام اہل وطن کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی عبادات میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں ،اس مبارک دن کے موقع پر غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر رمضان المبارک کے بعد اپنے پرہیزگار اور نیک بندوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہے جو پورے ماہ تزکیہ نفس کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لئے روزے رکھتے اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ آج کا دن اس بات کا تقاضا کرتاہے کہ ہم اپنی خوشیوں میں ان افراد کو بھی شامل کریں جو یہ دن منانے کی استطاعت نہیں رکھتے، پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لہٰذا موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ اپنے گروہی اور لسانی اختلافات کو بھلا کراسلام اور پاکستان دشمن عناصر کے مقابلے میں اتحادواتفاق کے ساتھ ایک ہوجائیں اور انتہا پسندی، شرانگیزی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ آئیں آج کے دن ہم اپنے ان سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کی حفاظت کرے اور پوری مسلم امہ کو اتحاد ویکجہتی عطاء فرمائے اور دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزادنے عید الفطر کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان ماہ رمضان میں جس طرح و خصوع وخشوع کے ساتھ عبادت اور یاد الہیٰ میں مصروف رہتے ہیں ،عید الفطر اللہ تعالیٰ کی جانب سے اسکا انعام ہے ، ہمیں عید الفطرکے موقع اپنے غریب اور مستحق بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ہمیں بحثیت فرد اور قوم اپنا کردارادا کرناچاہیے ۔

مزید : صفحہ آخر