اسکول فیسوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے،حمود الرب

اسکول فیسوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے،حمود الرب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل سندھ پیرنٹس ایسوسی ایشن (ایسپا) کے جنرل سیکریٹری حمود الرب جعفری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے والدین کی تکالیف کااحساس کرکے مثال قائم کردی، اسگول فیس میں سالانہ صرف پانچ فیصداضافے کی حد مقرر کرکے عدالت نے تعلیم کوکاروبار بنانے کے مکروہ عمل کی حوصلہ شکنی کردی ہے، ایسوسی ایشن کے مقامی دفتر میں ادارے کی جدوجہد کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے حمودالرب نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کو مثالی اورتاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ سندھ پیرنٹس ایسوسی ایشن نے مسائل کاشکار پورے پاکستان کے والدین کو متحدکرنے کی کوشش کی ہے تاکہ تعلیم کوکاروبار بنانے والوں کو لگام دی جاسکے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عملدرآمد کے حوالے سے تمام پرائیویٹ اسکولز کے تمام معاملات پر نظررکھے گی اور عدالت کی حکم عدولی کی صورت میں ہر ممکن احتجاج اورقانونی راستہ اختیار کرے گی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی اور اے اینڈ آئی گروپ آف کمپنیز کے سی ای او عمران عارف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اسکول مالکان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 18 کے تحت تعلیم کو کاروبار بنانے کے مطالبے کو رد کرتے ہوئے علم کی شمع کو مزید روشن کردیااور اسکول مالکان کے ناجائز منافع کے عزائم خاک میں ملادیئے۔ اس عدالتی فیصلے سے سندھ سمیت پورے پاکستان کے والدین میں خوشی کی لہردوڑ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان ناجائزمطالبات کے خلاف ہرفورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ جبکہ ہماری ایسوسی ایشن اس بات کابھی جائزہ لے رہی ہے کہ سندھ کیتمام پرائیویٹ اسکولز کے طالب علموں کو طے شدہ تعلیمی معیار اور ماحول کی فراہمی کوکس حد تک پورا کیا جارہاہے۔ مزید برآں ایسوسی ایشن کااجلاس آئندہ ماہ تک ملتوی کردیاگیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر