وزیر اعظم کے خطاب کے دوران آواز کیوں غائب ہوئی؟ بالآخر انتہائی حیران کن وجہ سامنے آگئی

وزیر اعظم کے خطاب کے دوران آواز کیوں غائب ہوئی؟ بالآخر انتہائی حیران کن ...
وزیر اعظم کے خطاب کے دوران آواز کیوں غائب ہوئی؟ بالآخر انتہائی حیران کن وجہ سامنے آگئی

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بجٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کیا لیکن ان کے ریکارڈڈ پروگرام کے کچھ حصے کی آواز غائب تھی جس پر سنسر شپ سمیت مختلف تبصرے شروع ہوگئے اور طرح طرح کی افواہیں شروع ہوگئیں، کئی لوگوں نے پی ٹی وی کی انتظامیہ کو قصور وار قراردیا تو کئی شہریوں نے پرانے بوسیدہ نظام پر سوال اٹھائے لیکن اب بالآخر خطاب سے آواز ختم ہونے کی انتہائی حیران کن وجہ سامنے آگئی ۔

برطانوی جریدے ’انڈیپنڈنٹ‘ کے مطابق  پی ٹی وی اسلام آباد کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ پہلے تو یہ بات کہنا ضروری ہے کہ پی ٹی وی سات منٹ سے زیادہ دورانیے کی ویڈیو سسٹم میں ڈال کر چلانے کی حامل نہیں  کیونکہ ویڈیوز کا دورانیہ جب زیادہ ہوجاتا ہے تو سسٹم پر بوجھ پڑتا ہے، وزیر اعظم کا خطاب پی ٹی وی نے ریکارڈ نہیں کیا، بلکہ ایک نجی کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی تھیں ۔انہوں نے بتایا کہ   پی ٹی وی کے پاس جدید آلات نہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے ریکارڈنگ پرائیوٹ کمپنی سے کروانے کا فیصلہ کیا ، اس کمپنی نے ریکارڈنگ مکمل کی اور ایڈٹ کیے بغیر پوری ویڈیوز کو لے کر پی ٹی وی دفتر پہنچ گئے کیونکہ حکومت نے نو بجے خطاب چلانے کا بتایا تھا۔ جب پی ٹی وی کے دفتر میں ریکارڈنگ کو چیک کیا گیا تو انتظامیہ نے نجی کمپنی کو کہا کہ اس میں کچھ مسائل ہیں اور مشورہ دیا کہ وہ ویڈیوزکو ایک مرتبہ ایڈیٹ کریں اور پھر اس کے بعد چلائیں گے، پھرویڈیوز کو وہیں پر ایڈیٹ کیا گیا جس کی وجہ سے خطاب تاخیر کا شکار ہوا۔ 

انہوں نے بتایا کہ 37 منٹ کی تقریر میموری کارڈ میں موجود تھی،  جب اسے چلانا شروع کیا تو سسٹم کچھ منٹوں کے بعد کریش ہوگیا۔اس اہلکار نے مزید بتایا کہ جب  بھی کبھی ویڈیوز کا دورانیہ سات منٹ سے زیادہ ہوتا ہے تو ادارے میں ویڈیوز کو ٹیپ یا کیسٹ اور میموری کارڈ دونوں میں ڈال کر اس کو سسٹم پر اپلوڈ کیا جاتا ہے تو اس سے سسٹم پر بوجھ کم ہوجاتا ہے اور پھر چلانے میں مسئلہ نہیں ہوتا لیکن عمران خان کے میموری کارڈ میں موجود خطاب نے سسٹم کو فریز کردیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خطاب سے قبل کچھ وزراء کے انٹرویوز پی ٹی وی ریکارڈ کرتا رہا ہے ۔ 

مزید : علاقائی /اسلام آباد