پاکستان پیپلز پارٹی گلف زو ن کے زیر اہتمام سابق صدر پاکستان آصف علی زردار ی کی گرفتاری کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد

پاکستان پیپلز پارٹی گلف زو ن کے زیر اہتمام سابق صدر پاکستان آصف علی زردار ی ...
پاکستان پیپلز پارٹی گلف زو ن کے زیر اہتمام سابق صدر پاکستان آصف علی زردار ی کی گرفتاری کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد

  


دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلز پارٹی گلف زو ن کے زیر اہتمام سابق صدر پاکستان آصف علی زردار ی کی گرفتاری کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔پریس کانفرنس سے صدر گلف میاں منیر ہنس جنرل سیکرٹری گلف زون خالد رانا، صدر یو اے ای جاوید یعقوب، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری گلف زون ملک اسلم، سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار مغل، نائب صدر گلف زون نثار خٹک، فاروق چیچی، شفیق صدیق او ر دیگر نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب کے دوران مقررین نے حکومت پاکستان کی جانب سے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری گرفتاری کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کو خوفزدہ نہیں کرسکتی۔ آصف علی زرداری کی گرفتاری سے کارکنان کسی بھی خوف میں مبتلا نہیں ہیں۔ اسیری پاکستان پیپلز پارٹی کا وطیرہ رہا ہے۔ یہ حکومت جلد ہی اپنے منتقی انجام کو پہنچنے والی ہے۔ موجودہ حکومت بدنیتی کی بنیاد پر جھوٹے مقدمات بنا کر ہماری لیڈر شپ کو گرفتار کررہی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ یہ حکومت ٹارگٹ کر کے اپنے لاڈلوں کو بچانا چاہتی ہے اورچند رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے درپے ہے جسے کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

موجودہ نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے عوام پر بے جا ٹیکس کے ذریعے جو ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اس کی مثال یہ ہے کہ گذشتہ آٹھ ماہ میں چالیس لاکھ لوگ غربت کی شرح سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو عوام مزید غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ حکومت ٹیکسز نافذ کر کے عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانا چاہتی ہے۔ تاکہ عوام سے انکا حق حکمرانی چھین لیا جائے مگر حکومت کو جان لینا چاہیے کہ ظلم کی حکومت جلد ہی اپنے منتقی انجام کو پہنچنے والی ہے۔ پاکستان کی تمام اپوزیشن پارٹیاں ا س نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہیں اور جلد ہی آپ کو یہ سننے میں ملے گا کہ نیازی صاحب اپنا بوریا بستر گول کر چکے ہیں۔

موجودہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے بجٹ پیش کرنے سے پہلے ہی مہنگائی کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ کردیا تھا جبکہ بجٹ کے بعد اشیائے خوردو نوش میں اضافہ کرکے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ غریب آدمی کی آمدن ہی اس قدر نہیں کہ وہ اس مہنگائی کا سامنا کرسکے۔ وہ دن دور نہیں کہ جلد ہی عوام اپنے مطالبات لے کر سڑکوں پر ہوں گے اور اس حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہرگز حکومت گرانے کی خواہشمند نہیں لیکن اگر حکومت اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی تو یقینا اسے اقتدار عوامی نمائندوں کو منتقل کرنا ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ہم نے ماضی میں بھی جمہوری اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھا ہے اور آئندہ بھی جمہوری اقدار کو کوئی آنچ نہیں آنے دینے گے ۔

مزید : عرب دنیا