ایران نے خلیج میں ٹینکروں پر حملے کے امریکی دعوئوں کو مسترد کر دیا
تہران (این این آئی)ایران نے کہا ہے کہ وہ خلیجِ عمان میں دو تیل کے ٹینکروں پر ہونے والے حملوں کے بارے میں امریکی دعووں کومکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔جمعے کو اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے۔
ایران 13 جون کو ہونے والے ٹینکر حملوں سے متعلق امریکہ کے بے بنیاد دعووں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور سخت الفاظ میں اس کی مذمت کرتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خلیجِ عمان میں تیل کے ٹینکروں پربلا اشتعال حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ امریکہ نے یہ اندازہ ان حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی قسم سے متعلق انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر لگایا ہے۔اس سے قبل ایران کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا تھا کہ جمعرات کی صبح ہونے والے دھماکوں سے ایران کا کوئی تعلق نہیں ہے۔