جنوبی افریقہ نے 3 شکستوں کے بعد جیت کا مزہ چکھ ہی لیا، افغانستان کو اتنی وکٹوں سے شکست دے دی کہ آپ کو بھی یقین نہ آئے

جنوبی افریقہ نے 3 شکستوں کے بعد جیت کا مزہ چکھ ہی لیا، افغانستان کو اتنی وکٹوں ...
جنوبی افریقہ نے 3 شکستوں کے بعد جیت کا مزہ چکھ ہی لیا، افغانستان کو اتنی وکٹوں سے شکست دے دی کہ آپ کو بھی یقین نہ آئے

  


کارڈیف (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورلڈ کپ 2019 کے 3 میچز میں مسلسل ناکامی کے بعد بالآخر جنوبی افریقہ کی ٹیم کو فتح نصیب ہو ہی گئی۔ پروٹیز نے ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں افغان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

افغانستان کی جانب سے دیا جانے والا 126 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر آنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز کوئنٹن ڈی کوک وہ واحد بلے باز تھے جو آﺅٹ ہوئے تاہم انہوں نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ سکور ر رہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 4 میچز کھیلے تھے جن میں سے ایک بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ باقی تین میچز میں پروٹیز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قبل ازیں بارش کے باعث بار بار رکنے والے میچ کو 48 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا تاہم افغان ٹیم صرف 34 اعشاریہ ایک اوور ہی کھیل پائی ۔ میچ میں افغانستان کے بلے بازوں کو جنوبی افریقن باﺅلرز نے تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے صرف 125 رنز پر ڈھیر کردیا۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان 35 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہے جبکہ نور علی زردان نے 32 اور حضرت اللہ زازئی نے 22 رنز سکور کیے۔ افغانستان سائڈ کے باقی 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے تباہ کن باﺅلنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جنوبی افریقن سائڈ سے کرس مورس نے 3 ، فیہلوک وائیو نے 2 اور ربادا نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

مزید : کھیل