بیوی کو نوکری سے نکلوانے کیلئے جہاز ہائی جیک کرنے کی دھمکی دینے والے تاجر کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

بیوی کو نوکری سے نکلوانے کیلئے جہاز ہائی جیک کرنے کی دھمکی دینے والے تاجر کو ...
بیوی کو نوکری سے نکلوانے کیلئے جہاز ہائی جیک کرنے کی دھمکی دینے والے تاجر کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

  


نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں اپنی بیوی کو نوکری سے نکلوانے کیلئے جہاز ہائی جیک کرنے والے تاجر کو عمر قید کی سزا سنادی گئی، مجرم کو 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

ممبئی کے رہائشی 38 سالہ تاجر برجو سلہ نے اکتوبر 2017 میں جیٹ ایئر ویز کا طیارہ ہائی جیک کرنے کی دھمکی دی تھی۔ برجو سلہ کی بیوی جیٹ ایئر ویز میں ملازم تھی اور وہ چاہتا تھا کہ اس کی بیوی کو نوکری سے نکال دیا جائے تاکہ وہ دونوں زیادہ سے زیادہ وقت اکٹھے رہ سکیں۔ اپنے اس مقصد کے حصول کیلئے برجو سلہ نے جیٹ ایئر ویز کے جہاز کے واش روم کے ٹوائلٹ پیپر پر اردو میں لکھا گیا جہاز کے اغوا کی دھمکی پر مبنی نوٹ چھوڑا ۔ کیبن کریو نے یہ نوٹ پائلٹ تک پہنچایا جس نے الہٰ آباد ایئر پورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی۔ بعد میں تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ پیغام برجو سلہ کے دفتر کے لیپ ٹاپ سے پرنٹ کیا گیا تھا اور اس نے اردو لکھنے کیلئے گوگل ٹرانسلیٹر کا سہارا لیا تھا۔

برجو سلہ نے عدالت میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کا اس دھمکی کا مقصد جیٹ ایئرویز کی دلی سے پروازیں بند کروانا یا اپنی بیوی کو نوکری سے نکلوانا تھا کیونکہ وہ چاہتا تھا کہ دونوں زیادہ سے زیادہ وقت ایک ساتھ گزاریں۔ اگر دلی سے جیٹ ایئر ویز کی پروازیں بند ہوتیں تو اس کی بیوی کا ٹرانسفر ممبئی ہوجاتا جہاں وہ دونوں ایک ساتھ رہ پاتے۔ برجو سلہ کی اس کارروائی کے بعد اس کی خواہش پوری کرتے ہوئے اس کی بیوی کو نوکری سے نکال دیا گیا تھا تاہم دونوں کی ایک ساتھ رہنے کی خواہش پوری نہیں ہوسکی کیونکہ برجو کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔

عدالت نے اکتوبر 2017 سے جاری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم برجو سلہ کو عمر قید اور 5 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ذہنی اذیت کے ہرجانے کے طور پر مذکورہ جہاز کے فی پائلٹ کو ایک لاکھ روپے، فی فضائی میزبان کو 50000 روپے اور فی مسافر کو 25000 روپے جرمانے کی رقم سے ادا کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ انڈین اینٹی ہائی جیکنگ ایکٹ آف 2016 کے مطابق ہائی جیکنگ کرنے یا اس کی دھمکی دینے والے شخص کو یا تو سزائے موت ہوگی یا اسے عمر بھر کیلئے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ برجو سلہ اس نئے انڈین ا یکٹ کے تحت سزا پانے والا پہلا شخص ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس