مقبوضہ کشمیر: قابض فوج نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے: پاکستان

  مقبوضہ کشمیر: قابض فوج نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے: پاکستان

  

اسلام آباد(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ دنیا کرونا سے نبرد آزما ہے اور بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کر رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی حکومت کا آزاد کشمیر سے متعلق ایک اور جھوٹ ہے۔ ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان کے خلاف لاعلاج جنون کا عکاس ہے۔ بھارتی حکومت آزاد کشمیر پر بات کرنے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں بندشیں ختم کرے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے آزاد کشمیر اور جموں کشمیر کے حوالے سے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان پاکستان مخالف جنون کی عکاسی اور کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل جیسے قوانین کشمیریوں کے حقوق دبانے کی کوشش ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہئے۔پاکستان نے مزید کہا ہے کہ دنیا کرونا سے نبردآزما ہے اور بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے، کشمیریوں کو اپنے پیاروں کے جنازوں تک کی اجازت نہیں، بی جے پی سرکار بندوق کی نوک پر دس ماہ سے لاک ڈاؤن کئے ہوئے ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور مواصلاتی پابندیاں عالمی و انسانی حقوق کے برخلاف ہیں۔دریں اثناترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ایک بیان میں کہا کہ کابل کے علاقے وزیر اکبر خان اور شیر شاہ سوری مساجد پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، ان گھناؤنے حملوں کی وجہ سے معروف عالم دین ڈاکٹر ایاز نیازی اور مولوی عزیز اللہ موفلیح سمیت کئی نمازی شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ

مزید :

صفحہ اول -