23شعبوں کو بڑا ٹیکس ریلیف، پنجاب کیلئے 2240ارب کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا

23شعبوں کو بڑا ٹیکس ریلیف، پنجاب کیلئے 2240ارب کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا

  

لاہور(این این آئی)23مختلف شعبوں کو ٹیکس ریلیف دینے سمیت پنجاب حکومت آئندہ مالی سال 2020-21کا بجٹ آج (پیر) کے روز پیش کرے گی، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت آئندہ مالی سال کیلئے تقریباً2240ارب روپے کے حجم کا بجٹ پیش کریں گے جو رواں مالی سال کیلئے1812ارب روپے کے نظر ثانی شدہ بجٹ سے 428ارب زائد ہو گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات کے مجموعی حجم کا تخمینہ2115ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں اخراجات جاریہ کے حجم کا تخمینہ 1778ارب روپے لگایا گیا ہے۔ترقیاتی اخراجات کا حجم337ارب روپے رکھنے کی تجویز دئیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا بلکہ بعض ٹیکسوں کی شرح کمی کی تجویز دئیے جانے کا امکان ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی حالات کی وجہ سے پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے کے حوالے سے وفاق کی پیروی کئے جانے کا امکان ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے اخراجات جاریہ کی مد میں پرائمری ہیلتھ کیلئے121ارب روپے، سپیشلائزڈ ہیلتھ کے لئے128ارب روپے، سکولزایجوکیش کے لئے319ارب روپے، پولیس کے لئے158ارب روپے اور دیگر محکموں کے لئے 618ارب روپے تجویز کئے جانے کا امکان ہے۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پرائمری ہیلتھ، سپیشلائزڈ ہیلتھ، سکول ایجوکیشن اور پولیس کے اخراجات جاریہ کے بجٹ میں 46ارب روپے اضافے کی تجویز ہے جبکہ دیگر محکموں کے اخراجات جاریہ کے بجٹ میں 27ارب روپے کی کٹوتی کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے پنجاب کی مجموعی آمدنی 2240 ارب روپے میں سے1433ارب روپے وفاق سے قابل تقسیم محاصل سے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے جبکہ صوبائی محاصل سے آمدنی کا تخمینہ 317ارب روپے لگایا گیا ہے۔ ڈونرز ایجنسیوں سے 133ارب روپے، انوویٹنگ فنانسنگ سے 25ارب روپے اور اکاؤنٹ ٹو (فوڈ) سے331ارب روپے ملنے کا تخمینہ ہے۔ وفاق کی طرح پنجاب کے بجٹ میں بھی کورونا وائرس کے لئے 22ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جس میں سے 13ارب روپے نان ڈویلپمنٹ جبکہ 9ارب روپے ڈویلپمنٹ بجٹ کی مد میں تجویز کئے جائیں گے۔ اس بجٹ سے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لئے سہولیات کی فراہمی اور آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ فنانس بل اور ضمنی بجٹ 2019-20بھی ایوان میں پیش کریں گے۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے بجٹ اجلاس کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

پنجاب بجٹ

مزید :

صفحہ اول -