وزیر اعظم کل دو روزہ دورے پر کراچی، بدھ کو لاڑکانہ پہنچیں گے

وزیر اعظم کل دو روزہ دورے پر کراچی، بدھ کو لاڑکانہ پہنچیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی،لاہور(نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان کل(منگل)سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم گورنراور وزیراعلی سندھ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے اور کرونا وائرس سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں وزیر اعلی سندھ، صوبائی وزیر صحت، گورنر سمیت دیگر شخصیات کی شرکت کا امکان ہے۔اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کراچی کے تاجروں،صنعت کاروں کے وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے صوبائی ارکان اسمبلی اور اتحادی جماعتوں (ایم کیو ایم پاکستان، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس)کی قیادتوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان بدھ کی صبح لاڑکانہ کا دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ لاڑکانہ میں وزیراعظم احساس سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔عمران خان لاڑکانہ میں ہیلتھ کئیر اسٹاف اور پارٹی کی صوبائی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مرحوم ڈاکٹر اعجاز احسن کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ اوربیرسٹر اعتزاز احسن سے ان کی وفات پراظہار تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم نے مرحوم ڈاکٹر اعجاز احسن کی پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن کی حیثیت سے پارٹی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
دورہ کراچی

مزید :

صفحہ اول -