سید علی گیلانی عہد ساز شخصیت،ان سے منسوب خط جعلی،حریت کانفرنس

  سید علی گیلانی عہد ساز شخصیت،ان سے منسوب خط جعلی،حریت کانفرنس

  

سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ حریت چیئرمین سید علی گیلانی سے منسوب جعلی خط خفیہ بھارتی ایجنسیوں کی سازش ہے جسکا مقصد جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام کی مقدس تحریک، سید علی گیلانی کی بلند پایہ شخصیت اور کل جماعتی حریت کانفرنس کو بدنام کرنا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اتوار کو سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا خط جعلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس خط کے سامنے آنے سے کچھ روز قبل حریت نے واضح کیا تھا کہ سید علی گیلانی پیرانہ سالی میں ہیں اور وہ علیل ہیں جبکہ سنگدل بھارتی انتظامیہ ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کو گزشتہ دس برس سے زائد عرصے سے گھر پر قید رکھا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بعض موقع پرست بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی ایما پر صورتحال کو اپنے ذاتی حقیر مفادات کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سید علی گیلانی کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کی شحصت عہد ساز ہے اور بھارت کی جانب سے انہیں بدنام کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حریت کانفرنس

مزید :

صفحہ اول -