عوام کو پٹرول کیلئے ٹھوکریں کھانے پر مجبور کردیا گیا،اشرف بھٹی
لاہور(پ ر) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو پٹرول کے حصول کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کردیا ہے اس وقت شہری پٹرول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں اور پٹرول پمپوں پر اس قدر رش بڑھ گیا ہے کہ وہاں پر کورونا وائرس کے پھیلنے کی نرسریاں بن رہی ہیں مگر حکومت کی اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں۔
ہے جبکہ دوسری جانب جس ٹیکے سے کورونا کے مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے اس کی قیمت کا لاکھوں روپے تک پہنچ جانا تبدیلی سرکار کی نام نہاد گڈ گورنینس کے منہ پر طمانچہ ہے یاسمین راشد نے محکمہ صحت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے اور وزیراعظم عمران خان اپنی اس چہیتی وزیر کو بدلنے کو تیار نہیں یہی صورت حال کسی اور پارٹی کی حکومت میں پیدا ہوئی ہوتی تواب تک آسمان عمران خان نے سر پر اٹھا لینا تھا اور اس جماعت کی حکومت کے ناک میں دم کردینا تھا مگر وہ عمران خان جو بات بات پر ماضی کی حکومتوں سے مستعفی ہونے کے مطالبے کیا کرتا تھا نہ جانے وہ کہاں غائب ہو گیا ہے آج عوام اس عمران خان کو دوربین سے بھی ڈھونڈنے کی کوشش کررہی ہے مگر وہ نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں مایوسیوں کے بادل چھا رہے ہیں۔