سخت گرمی میں باغبان جامن کو پانی کی کمی نہ آنے دیں، ماہرین زراعت

  سخت گرمی میں باغبان جامن کو پانی کی کمی نہ آنے دیں، ماہرین زراعت

  

فیصل آباد (اے پی پی) جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے زرعی ماہرین نے کہاہے کہ پانی کی کمی سے لیف مائنر جامن کے پتوں پر حملہ آور ہو کر اسے نقصان پہنچا سکتاہے لہٰذاسخت گرمی و خشک موسم کے باعث باغبان جامن کو پانی کو کمی نہ آنے دیں تاکہ جامن کی پیداوار کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ جوں جوں موسم گرماکی شدت میں اضافہ ہوتاہے اس کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں اضافہ لیف مائنر کے ذریعے جامن کے پتوں کو نقصان پہنچانے کاموجب بھی بن سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پانی کی مناسب مقدار فراہم نہ کی جائے تو جامن کی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جامن کو ہر 6 سے8دن کے وقفہ سے پانی کی فراہمی جاری رکھنی چاہیے تاہم اگر موسم بہتر ہو تو یہ وقفہ 8 سے10 دن بھی کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ گھریلو مکھیاں، شہد کی مکھیاں، جوئیں اور دوسرے حشرات جامن کی پولی نیشن میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لیف مائنر کے ساتھ ساتھ جامن پر سفید مکھی، سکیل، پتے کھانے والی سنڈی، پھل کی مکھی بھی حملہ آور ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان جامن پر ضرررساں کیڑوں کا حملہ روکنے کیلئے ماہرین زرعت کی مشاورت سے مناسب زہروں کا سپرے بھی یقینی بنائیں۔

مزید :

کامرس -