ٹیلی میڈیسن شعبہ صحت کو برقرار رکھنے، امراض سے بچاؤ کی پہلی ترجیح بن گیا: جنید زیدی

ٹیلی میڈیسن شعبہ صحت کو برقرار رکھنے، امراض سے بچاؤ کی پہلی ترجیح بن گیا: ...

  

اسلام آباد(این این آئی)کامسیٹس کے ایگزیکٹوڈائریکٹرڈاکٹر ایس ایم جنیدزیدی نے کہا ہے کہ کوروناوائرس نے عالمی سطح پر صحت کے حوالے سے منظر نامے کو جس تیزی سے بدلاہے،اْس تناظر میں ٹیلی میڈیسن کا شعبہ انسانی صحت کوبرقراررکھنے،دیکھ بھال کے طریقہ کار، موذی امراض سے بچاؤ اور ان کے تدارک کیلئے پہلی ترجیح بن چکاہے۔ ٹیلی ہیلتھ پروفیشنلز کو عملی طورپر تربیت دینے کاکام نہایت اہمیت اختیار کرگیاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈبلیو ایچ او اوروزارت قومی صحت کے تعاون سے جنسی وتولیدی اور زچگی کے حوالے سے پانچ روزہ ٹیلی ہیلتھ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پرمنعقدہ ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کامسیٹس نے ہنگامی سطح پر ایک حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ اس موقع پرڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر پیلیتا نے فراہم کی جانے والی تربیت کے حوالے سے زچہ و بچہ کی صحت اوردیکھ بھال کے دیگر پہلوؤں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ 19 وائرس کی وجہ سے جنسی اور تولیدی صحت سے سمجھوتہ کرنے کی بجائے، جدید ٹیکنالوجی نے موجودہ بحرانی صورت حال میں آگے بڑھنے کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔ وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ملک محمد صافی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیلی میڈیسن کے باعث، صحت کے شعبہ میں مریضوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے میں بھرپور مدد ملے گی،خاص طور پر اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے صحت کا شعبہ جس دباؤ کا شکار ہے اْس میں  ٹیلی میڈیسن کا طریقہ کار بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ پانچ روزہ ٹیلی میڈیسن ہیلتھ تربیتی پروگرام کے لیے جن ماہرین نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے شریک ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو تربیت فراہم کی اْن میں منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز کی ڈپٹی ڈائریکٹر(پروگرام)ڈاکٹر عطیہ ابڑو،ڈبلیو ایچ او کے شعبہ میں زچگی،نوزائیدہ اور نوعمربچوں کی صحت سے متعلق نیشنل پروفیشنل آفیسر ڈاکٹر قدسیہ عظمی،ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ڈبلیو ایچ او اسلام آباد میں سینئرکنسلٹنٹ (ایس آر ایچ) ڈاکٹر ثمینہ نعیم خالد،کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج اور سول اسپتال میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ماہرامراضِ نفسیات ڈاکٹر نصرت شاہ،صوبیہ خطیب فاؤنڈیشن کی ماہر نفسیات ڈاکٹر صبیہ خطیب،ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ میں ہیلتھ انفارمیٹکس کی ماہراور اسسٹنٹ پروفیسر لبنیٰ میر،سندھ میں ڈبلیو ایچ او کے سب آفس میں متعین نیشنل پروفیشنل آفیسر،ڈاکٹر بدرمنیر اورکامسیٹس اسلام آباد میں پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عظیم فریدشامل تھے۔

کامسیٹس

مزید :

صفحہ آخر -