حالات بہتر ہوتے ہی سرکاری ملازمین کو ریلیف دینگے، شہباز گل

حالات بہتر ہوتے ہی سرکاری ملازمین کو ریلیف دینگے، شہباز گل

  

اسلام آباد (آئی این پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا ہے کہ وزیراعظم سرکاری ملازمین کو اچھی تنخواہ ملنے کا وژن رکھتے ہیں۔ حالات کے بہتر ہوتے ہی سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔شہباز شریف کی بجٹ پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم کو سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس ہے۔ ملکی معیشت کورونا کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔ حالات جیسے بہتر ہوئے سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔ ن لیگ اپنے دور میں کوئی ایک سرکاری ادارہ ٹھیک نہ کر سکی۔ کوئی شہباز شریف کو بتائے کہ صحت کا بجٹ ان کے دور سے دو گنا ہو چکا ہے۔ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی اورپٹرول کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ہو چکی ہیں۔ بجٹ پر تنقید کرنیوالوں کو کوئی یہ بھی بتائے کہ حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی کی۔ یہی بات ان کو حیران کر رہی ہے کہ ان حالات میں ایسا بجٹ کیسے آ گیا۔شہباز گل نے کہا کہ اپنے دور میں کسان سے 120روپے من گنا ہتھیانے والے کسان کے کتنے ہمدرد ہیں یہ عوام جانتی ہے۔ اگر بجٹ پڑھا ہوتا تو پوچھنا نہ پڑتا کہ معاشی تحریک کے اقدامات کہاں ہیں جنہیں عوام مسترد کر چکی وہ عوامی بجٹ کو مسترد کر کے غم غلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں شہباز گل نے احسن اقبال کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت آپ اور آپ کا مفرور گروپ غیر محفوظ ہے اس لئے آپ کو سب غیر محفوظ نظر آ رہے ہیں۔ حقیقت اس کے برعکس ہے، تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے معیشت کو چلانا ہمارا فرضِ عین ہے۔

شہباز گل

مزید :

صفحہ آخر -