قبائلی علاقوں کو مراعات دینے کی کبھی مخالفت نہیں کی، مرتضیٰ وہاب

قبائلی علاقوں کو مراعات دینے کی کبھی مخالفت نہیں کی، مرتضیٰ وہاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی)ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا خیبر پختون خوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیرکے این ایف سی سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی یا سندھ حکومت نے کبھی قبائلی علاقوں کو مالی مراعات دینے کی مخالفت نہیں کی۔آزاد کشمیر ہو یا گلگت بلتستان ہم نے ہمیشہ انہیں مالی طور پر مستحکم کرنے کی بات کی ہے۔ ہم بارہا کہہ چکے کہ وفاق ان علاقوں کو مزید مالی وسائل فراہم کرے تاکہ قبائلی علاقوں سمیت آزاد کشمیر گلگت بلتستان مزید ترقی کریں۔سندھ حکومت کا واضح موقف ہے کہ آئین پاکستان کے تحت این ایف سی فارمولا کن اکائیوں کے درمیان طے کیا جاتا ہے۔ آئین کے تحت این ایف سی فارمولا وفاق اور چاروں صوبائی حکومتیں طے کرتی ہیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ آئین کے تحت آزادکشمیر، گلگت بلتستان کی دیکھ بھال وفاق کی ذمہ داری ہے اور اسی وجہ سے وفاقی حکومت کو این ایف سی سے بڑا شیئر بھی ملتا تھا۔ ہم آج بھی سمجھتے ہیں کہ وفاقی حکومت اپنے شیئرمیں سے ان علاقوں کو مزید شیئر دے۔سندھ حکومت آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔ اجمل وزیر کا سندھ حکومت پر الزام قطعی درست نہیں ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اجمل وزیر صاحب کا موقف یہ ہونا چاہیے کہ قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں تو انکے صوبے کا این ایف سی میں زیادہ شیئر ہونا چاہیے۔
مرتضیٰ وہاب

مزید :

صفحہ آخر -