صرف پنجاب میں کورونا سے ایک ہزار اموات لیکن کیسز کی مجموعی تعداد کتنی ہوگئی؟ تشویشناک خبرآگئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کے پاکستان میں پنجے مزیدگہرے ہونے لگے۔ صرف صوبہ پنجاب میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
بی بی سی نے پنجاب میں ہنگامی امدادی ادارے (این ڈی ایم اے) کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1537 نئے متاثرین اور 62 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔جبکہ صرف صوبہ پنجاب میں کووڈ 19 کے کل مصدقہ متاثرین کی تعداد 54,138 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 1031 افراد اس عالمی وبا سے جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔
صرف لاہور میں اس وقت کورونا کے 27,361 متاثرین ہیں۔ ان میں گذشتہ روز 932 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں کورونا سے 50 اموات ہوچکی ہیں جبکہ کل تعداد 380 ہے۔طبی عملے کے 878 افراد میں کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔