دنیامیں کورونا سےہلاکتوں کی تعداد4لاکھ سے تجاوز,یورپ میں پابندیاں ختم

دنیامیں کورونا سےہلاکتوں کی تعداد4لاکھ سے تجاوز,یورپ میں پابندیاں ختم
دنیامیں کورونا سےہلاکتوں کی تعداد4لاکھ سے تجاوز,یورپ میں پابندیاں ختم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آ ن لائن) کورونا وائرس کے وار تھم نہ سکے، دنیا بھرمیں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4لاکھ تینتیس ہزار سے بڑھ چکی ہے جبکہ مریضوں کی کل تعداد  78 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

دوسری جانب کئی یورپی ملکوں میں پابندیاں مرحلہ وار ختم کی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اب تک 78 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

برازیل دنیا میں متاثرین کی تعداد کے اعتبار کے بعد اب برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اموات کی تعداد میں بھی دوسرے نمبر پر آ چکا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 43,332 ہوچکی ہے۔

دوسری جانب فرانس، جرمنی، برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیاں آج سے مرحلہ وار ختم ہورہی ہیں۔برطانیہ میں غیر ضروری شاپنگ کی دکانیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کھل چکی تاہم ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا ہے۔ فرانس میں بڑے پیمانے پر سماجی پابندیوں کا خاتمہ ہو چکا ہے جبکہ آسٹریلیا کے لاک ڈاؤن میں بھی مزید نرمی لائی گئی ہے۔
 یونان کے وزیراعظم نے بھی سیاحوں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہنے کااعلان کیاہے، کئی یورپی ممالک نے اپنی سرحدیں دیگر ممالک کے لیے کھول دی ہیں۔

ادھر چین میں صورتحال ایک بار پھر پریشان کن ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں 49نئے کیسز سامنے آنے کے بعدبیجنگ میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہاں ایک مارکیٹ اور دیگر علاقوں کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے جہاں سے وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔

کورونا سے جن چھ ممالک میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں ان کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ امریکہ میں 115,730،برازیل 43,332،برطانیہ 41,783،اٹلی 34,345،فرانس 29,410،سپین 27,136 افراد اب تک جان کی بازی ہارچکے ہیں۔