”انگلینڈ کیخلاف ان دو کھلاڑیوں کی کارکردگی بہت خاص ہو گی کیونکہ۔۔۔“ قومی ٹیم کا اہم ہتھیار کون سے کھلاڑی ثابت ہوں گے؟ ثقلین مشتاق نے پہلے ہی بتا دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کھلاڑی ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف یاسر شاہ اور شاداب خان کی پرفارمنس پاکستان کیلئے بہت خاص ہو گی، ساؤتھمپٹن کی پچ سے سلو باؤلرز کو مدد ملے گی جبکہ اولڈ ٹریفورڈ میں فاسٹ باؤلرز کو منظم انداز میں کارکردگی دکھانا ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق حال میں ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ثقلین مشتاق نے نجی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ساؤتھمپٹن کی پچ سے سپنرز کو خاصی مدد ملے گی کیونکہ وہاں باؤنس اور ٹرن دونوں موجودہیں، البتہ اولڈٹریفورڈ مانچسٹر میں انگلش باؤلرز کو زیادہ ایڈوانٹیج حاصل ہوگا جبکہ وہاں پاکستان کے فاسٹ باؤلرز کو بہتر باؤلنگ کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بلال آصف باصلاحیت سپنر ہیں، ان کے ساتھ دیگر نوجوان سپنرز کی صلاحیتوں کو بھی نکھاریں گے تاکہ اس شعبے میں بھی بہترین باؤلرز پاکستان کے پاس ہوں جو ہر قسم کی وکٹوں پر شاندار کھیل پیش کرسکیں،اس کیلئے بہترین انداز میں پلاننگ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ابھی تو کورونا کی وجہ سے کچھ ایشوز ہیں، جیسے ہی نارمل حالات ہوں گے عملی طورپر کام ہوتا نظر آنے لگے گا، کچھ وقت ضرور لگے گا لیکن لوگوں کوبہتری ضرور دکھائی دے گی۔ تنقید کرنا سب کا حق اور یہ ہونا بھی چاہیے لیکن اگر اچھاکام کریں گے تو امید رکھتے ہیں کہ تعریف بھی ہو گی۔
ایک سوال پر ثقلین مشتاق نے کہا کہ تھوک کے بغیر گیند کی چمک برقرار رکھنا باؤلرز کیلئے مشکل اور انہیں زیادہ محنت کرنا پڑے گی لیکن اچھا سپنر اس کا فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ اس وقت نتھن لیون ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے بہترین سپنر دکھائی دیتے ہیں، بیٹنگ میں ویرات کوہلی اور بابر اعظم دونوں ہی بہترین پرفارمر، رنز کے بھوکے اور اپنی ٹیموں کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے متلاشی رہتے ہیں، دونوں کے کھیلنے کی تکنیک اچھی تاہم مزاج اور روئیے کی بات کریں تو جارحانہ مزاج کے حامل کوہلی کی نسبت بابرکودھیمے ہونے کا ایڈوانٹیج ہے۔