کورونا وائرس، لاہور سمیت پاکستان بھر کے 20 شہروں میں لاک ڈائون کی سفارش، کون کونسے شہر شامل ہیں؟ نام سامنے آگئے
لاہور( لیاقت کھرل سے)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے ملک کے 20شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن کی سفارش کر دی ہے۔ لاہور میں 20مقامات کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں سنگینی پر لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے کے لیے نئے سرے سے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔جس میں لاہور سمیت ملک بھر کے 20 شہروں میں کورونا سے متعلق ہاٹ اسپاٹ علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔این سی او سی نے ٹریک،ٹریس اینڈ قرنطینہ کی حکمت عملی کےتحت علاقوں کی نشاندہی کی ہے۔این سی او سی کی ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں کورونا کا پھیلاوَ روکنے کیلئے سخت پابندیوں کی ہدایت کی گئی ہے۔این سی او سی کا اسمارٹ لاک ڈاوَن پالیسی کے تحت کورونا کے پھیلاوَ والے علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے
ان شہروں میں لاہور کو کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔اسی طرح لاہور کے بعد گوجرانوالہ کو کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔جبکہ لاہور اور گوجرانوالہ کے ساتھ ساتھ،اسلام آباد, فیصل آباد،ملتان،،سوات اورسکھر سمیت کراچی شامل ہیں۔۔۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریش سنٹر کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے علاقوں میں جی نائن 2 اور جی نائن تھری میں 300 کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس پرمتاثرہ سیکٹرز اور کراچی کمپنی کو سیل کیا جاچکا ہے۔اسی طرح اسلام آباد میں آئی ایٹ،آئی ٹین، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی سکس اور جی سیون کے علاقوں کو نیو ہاٹ سپاٹ قرار دیا گیا ہے۔اسلام آباد کے نئے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں بھی پابندیاں لگائی جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کراچی،کوئٹہ،پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح راولپنڈی،فیصل آباد،ملتان،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،گجرات اور ڈی جی خان بھی کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد،سکھر،گھوٹکی،لاڑکانہ اور خیرپورمیں بھی اسمارٹ لاک ڈاوَن لگانے کی تجویز دی گئی ے۔ جبکہ ملاکنڈ اور مردان کے مختلف علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مکمل طور پر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔