وہاب ریاض کس کے کہنے پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے پر رضامند ہوئے؟ انکشاف کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرجوش ہوں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹ کیلئے دستیابی کا پوچھا تو انکار نہیں کر سکا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ غیر معمولی حالات میں ہورہا ہے اور پاکستان کیلئے کھیلنا میری اولین ترجیح ہے اس لئے پی سی بی نے دستیابی کا پوچھا تو انکار نہیں کر سکا جبکہ مستقبل میں بھی ضرورت پڑی تو کھیلنے کیلئے تیار ہوں گا، میرے لئے وائٹ یا ریڈ بال نہیں ملک کی نمائندگی اہم ہے، اگرچہ گزشتہ کافی عرصہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی لیکن فی الحال اپنی آسانی نہیں بلکہ پاکستان کی ضرورت کو دیکھنا ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ پروفیشنل کے طور پر چیلنج کیلئے تیار ہوں، نوجوانوں کیساتھ اپنا تجربہ شیئر کروں گا،کیریئر کے دوران بطور پلیئر اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں، زیادہ کرکٹ دبئی میں کھیلے جہاں سپنرز کا کردار اہم رہا، ٹیسٹ میں مواقع نہ ملنے کی وجہ سے فارمیٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، اب ضرورت محسوس کی تو تیار ہوگیا، ڈراپ ہونے پر بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں، نوجوان باﺅلرز پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں، ان کی رہنمائی کی پوری کوشش کروں گا۔
فاسٹ باﺅلر کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ سے زیادہ اہم ہے کہ مینجمنٹ نے اپنے پلان میں شامل رکھا، کارکردگی دکھاؤں گا تو اگلے سال بھی کنٹریکٹ مل جائے گا، ورلڈکپ 2015ءمیں کم بیک کیا، محنت کی اور پرفارم کیا، دورہ انگلینڈ میں بھی اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا، بچاؤ کے انتظامات پر اعتماد ہے، مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں وہاں کورونا وائرس کا کوئی مسئلہ ہوگا، ورلڈکپ سے قبل خواب آیا تھا کہ کھیلوں گا، اس بار پی سی بی کا فون آیا تھا۔