”ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کا میچ مجھے مختلف لگا تھا کیونکہ۔۔۔“ محمد حفیظ نے بھی خاموشی توڑ دی

”ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کا میچ مجھے مختلف لگا تھا کیونکہ۔۔۔“ محمد ...
”ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کا میچ مجھے مختلف لگا تھا کیونکہ۔۔۔“ محمد حفیظ نے بھی خاموشی توڑ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2019ءمیں انگلینڈ اور بھارت کا میچ مجھے مختلف لگا تھا کیونکہ اس میچ میں بھارت کی جانب سے کامیابی کی خواہش نظر نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس میں سینئر بلے باز کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان ٹیم میں انتخاب پر بہت خوش ہوں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ ضرورت پڑی تو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کیلئے خدمات حاضر ہوں گی، اگلے عالمی کپ میں شرکت کی بھی خواہش ہے جس میں بہترین کارکردگی دکھا کر اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ حالات اور قوانین کی وجہ سے کرکٹ کی خوبصورتی ختم ہو گئی ہے تاہم کرکٹ کی بہتری کیلئے ترامیم کو قبول کرنا ہو گا، گیند چمکانے سے روکنے کی تبدیلی کو قبول کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی کپ 2019ءمیں انگلینڈ اور بھارت کا میچ مجھے مختلف لگا تھا کیونکہ بھارت کی جانب سے کامیابی کی خواہش نظر نہیں آئی تھی، مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان کو ایونٹ سے نکالنے کیلئے بھارت جان بوجھ کر ہارا یا نہیں البتہ میچ میں انگلینڈ اور بھارت دونوں کی جانب سے جیت کی کوشش نہیں کی گئی اور عالمی کپ میں پاکستان اپنی غلطیوں کی وجہ سے باہر ہوا۔

مزید :

کھیل -