وزیراعظم نے قومی ٹیم کو دورہ انگلینڈ کی اجازت دیدی

وزیراعظم نے قومی ٹیم کو دورہ انگلینڈ کی اجازت دیدی
وزیراعظم نے قومی ٹیم کو دورہ انگلینڈ کی اجازت دیدی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو کورونا وباءکے دوران دورہ انگلینڈ کی اجازت دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے آج وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ کی اجازت دی جہاں تین ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی 20میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے باعث کرکٹ سمیت کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں، چاہتے ہیں کھیل کے میدان جلد آباد ہوں اور کھیلوں سے محبت کرنے والے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو جلد دیکھ سکیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا اور بورڈ کے مالی معاملات، ڈومیسٹک انٹرنیشنل کرکٹ سمیت دیگر امور پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کرکٹ بورڈ کے معاملات شفاف طریقے سے چلائے جائیں، کورونا کے دنوں میں کسی کو بھی پی سی بی میں ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا جولائی، اگست میں انگلینڈ کا دورہ شیڈول ہے اور 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جاناہے لیکن کورونا کی صورت حال میں سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان کے 29 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سینٹرل کنٹریکٹ اور ایمرجنگ کیٹیگری کے 20 کھلاڑی شامل ہیں۔

مزید :

کھیل -