غربت سے تنگ بھارتی شہری نے 14سالہ بیٹی بیچ دی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں غربت سے تنگ آئے ماں باپ نے 14سالہ کم سن بیٹی ڈیڑھ لاکھ روپے میں بیچ ڈالی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس لڑکی کا تعلق تریپورا سے تھا جسے جے پور، راجستھان کے راجو نامی شخص کے ہاتھ فروخت کیا گیا۔ راجو نے اسے اپنے گھر میں محبوس رکھا اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرتا رہا جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہو گئی۔ گزشتہ دنوں لڑکی کسی طرح راجو کے گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق لڑکی کے بھاگ جانے پر راجو خود پولیس کے پاس گیا اور لڑکی کو اپنی بیوی ظاہر کرتے ہوئے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروا دی۔ اگلے دن پولیس کو متاثرہ لڑکی مل گئی۔ جب اسے پولیس اسٹیشن میں راجو کے سامنے لایا گیا تو اس نے اس کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا اور پولیس کو حقیقت بتا دی کہ وہ ملزم کی بیوی نہیں بلکہ وہ اسے خرید کر لایا ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو شیلٹر ہوم بھجوا دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ملزم کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔