ٹرین سے ملاکروڑوں روپے کا سونا جس کا مالک ڈھونڈنا مشکل ہوگیا
برن(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں پولیس گم ہونے والی قیمتی اشیاءتلاش کرتی ہے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ سوئٹزرلینڈ میں پولیس کو ٹرین سے ملنے والے 1لاکھ 52ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 3کروڑ 14لاکھ روپے) مالیت کے سونے کے مالک کی تلاش ہے اور مالک ہے کہ مل کر نہیں دے رہا۔ دی مرر کے مطابق پولیس کوگزشتہ سال اکتوبر میں سوئٹزرلینڈ کے شہر سینٹ گیلن سے لوسرن جانے والی ٹرین سے 3کلوگرام سے زائد سونا ملا تھا اور تب سے اس کے مالک کو تلاش کیا جا رہا ہے لیکن وہ نہیں مل رہا۔ لوسرن میں حکام نے کچھ عرصہ تک خفیہ طریقے سے اس واقعے کی تحقیقات کیں لیکن انہیں اس کا کوئی سرا نہیں ملا، جس کے بعد انہوں نے اس کے متعلق اشتہارات دیئے اور سونے کے مالک کی تلاش شروع کر دی۔ تاحال اس سونے کا کوئی دعویدار سامنے نہیں آیا۔ سوئٹزرلینڈ میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر اس سونے کے کچھ دعویدار سامنے آ جاتے ہیں تو پولیس اور حکام یہ کیسے معلوم کریں گے کہ سونے کا اصل مالک کون ہے۔