اپوزیشن کی حکومت گراؤ تحریک پی ٹی آئی کے سونامی میں ڈوب گئی،شیخ رشید
اسلام آباد،کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت گراؤ تحریک پی ٹی آئی کے سونامی میں ڈوب گئی ہے، پی ڈی ایم کے اتحاد کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے،جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی کامیاب پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہو چکا ہے، ملکی ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، آج بیرونی قرضوں میں واضح کمی آئی ہے اور جی ڈی پی کی ترقی شرح نمو میں اضافے نے اپوزیشن کے حواریوں کو پریشان کررکھا ہے، ن لیگ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ ہے،ن لیگی حواری ڈھٹائی سے قوم سے جھوٹ بولتے ہیں انہیں شرم آنی چاہئے کہ وہ کس منہ سے وفاقی حکومت پر بے بنیاد الزام تراشی کرتے ہیں، ن لیگ نے اپنے دورحکومت میں عوام کو دونوں سے لوٹا ہے اور ملک کو ڈیفالٹ اور تباہی کے دہانے پر پہنچایا، وزیراعظم عمران خان نے اپنی کامیاب حکمت عملی سے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے اسلا م آباد میں ملک بھر کے علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن پاکستان اور قومی امن رابطہ کونسل کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزاداحمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علماء مشائخ فیڈریشن پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزاداحمد عمران نقشبندی مرشدی نے وفاقی وزیر داخلہ کو نچلی سطع پر قیام امن اور سٹریٹ کرائم کی بیخ کنی کیلئے محلہ امن کمیٹیوں کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے 1994تا 1997 تک قائم امن کمیٹیوں کی طرز پر ملک بھر میں انظامی سطع پر قومی امن رابطہ کونسل کی زیر نگرانی محلہ امن کمیٹیو ں کے دوبارہ قیام کی تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ وہ محلہ امن کمیٹیوں کے قیام کے حوالے جائزہ لیکر محلہ امن کمیٹیوں کے قیام کے احکامات جاری کریں گے،انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں نبی آخر الزمان ؐکی ناموس پر ہماری جانیں قربان ہیں ختم نبوت ؐدین کی اساس ہے اپنی جانوں پر کھیل کر بھی اس کی حفاظت کریں گے۔
شیخ رشید