سندھ حکومت کا سانحہ گھوٹکی اور خضدار کے متاثرین کی مالی مدد کا فیصلہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر سندھ ناصر شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی جانب سے سانحہ گھوٹکی اور خضدار کے متاثرین کی مالی مدد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ گھوٹکی ٹرین حادثے کے جاں بحق افراد کو فی کس پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خضدار کے متاثرین کی بھی کسی نے مالی مدد نہیں کی ہے،خضدار میں جاں بحق ہونے والے افراد کو پانچ لاکھ اور زخمیوں کوا یک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے،مالی امداد متاثرین کے پیاروں کا نعم البدل نہیں ہے لیکن اس سے ان کی پریشانی کم ہوجائے گی۔
انہوںنے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوام کی پریشانیوںکا احساس ہے،احساس پروگرام کا راگ الاپنے والے حادثاتی اموات میں بھی متاثرین کی مدد نہیں کرتے ہیں۔ہم منتظر رہے کہ وفاقی حکومت کو شاید احساس ہو اور مدد کے لئے آگے بڑھے،افسوس ہے کہ یہ بے حس لوگ ہیں۔ ثابت ہوگیا کہ غریب عوام کا درد رکھنے والا ایک ہی لیڈر بلاول بھٹو ہے۔