تحریک بحالی کرکٹ و ایسوسی ایشنز کااحتجاج،”گو وسیم گو، گو مانی گو“ کے نعرے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) ہیڈکوارٹر کے سامنے تحریک بحالی کرکٹ و ایسوسی ایشنز کی جانب سے کی جانے والی احتجاجی واک کے دوران ”گو وسیم گو، گو مانی گو“ کے نعرے لگ گئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق احتجاجی ریلی میں شکیل شیخ سمیت سابق ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ ماضی میں وابستہ رہنے والے عہدیدار شریک ہوئے۔احتجاجی واک کے شرکاءنے پی سی بی ہیڈکوارٹر کے سامنے سڑک پر علامتی دھرنا بھی دیا اور اس دوران کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔شرکا نے کالی پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں۔
میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے شکیل شیخ نے کہاکہ پانچ ہزار سے زیادہ کرکٹرز بے روزگار ہوچکے ہیں جبکہ 450چھوٹے ملازمین کی نوکریاں چلی گئی ہیں، نا انصافی کی انتہا ہونے کے بعد سڑکوں پر نکلے ہیں، ان کی رخصتی تک احتجاج جاری رہے گا۔
ان کی جانب سے پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو مسترد کرتے ہوئے پرانے نظام کی بحالی کا مطالبہ کیاگیاجبکہ لاہور، حیدر آباد،سندھ اور دوسرے علاقوں سے آئے آرگنائزرز نے 2014 کے آئین، ڈپارٹمنٹل اور ریجنل کرکٹ کے ساتھ ملازمین کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔