منہاج فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب29مارچ کو ہو گی

منہاج فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب29مارچ کو ہو گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر)ڈائریکٹرمنہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اس سال بھی 29مارچ کو 23غریب اور بے سہارا بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منہاج یونیورسٹی گراؤنڈ ہمدرد چوک ٹاؤن شپ میں ہو گی ۔شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں شادیوں کی اس تقریب میں 20 مسلم اور 3مسیحی جوڑے شامل ہو نگے مسلم جوڑوں کے نکاح کیلئے علمائے کرام اور مسیحی جوڑوں کے نکاح کیلئے پادری صاحبان پنڈال میں موجود ہونگے ہر جوڑے کا نکاح الگ الگ ہوتا ہے اور اس کیلئے منہاج القرآن علماء کونسل کے علمائے کرام کی خدمات لی جاتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سر براہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم شہزاد،تنویر ہمایوں،میاں افتخار،عدنان جاوید و دیگر بھی موجود تھے۔سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مہندی غریب کی بیٹی کے ہاتھوں کی بجائے سر کے بالوں میں لگنی شروع ہو جاتی ہے مگر مگر بیٹی اور بہن کو بیاہنا انتہائی محال ہو گیا ہے ، ڈاکٹر طاہر القادری کی سر پرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملکی تاریخ میں غریبوں کی مدد کیلئے ہمیشہ ایسے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن سے ان کے مسائل حل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال مرکزی سطح پر اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد ہوتا ہے جس میں ہر بچی کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے سامان کا گفٹ دیا جاتا ہے ۔دولہا اور دلہن کے 50مہمانوں کو کھانا بھی دیا جاتا ہے ،اس طرح تقریباً 2000 مہمانوں کے کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔پنڈال کو بہت خوبصورتی سے سجا کر خوشی کی اس تقریب کو منایا جاتا ہے۔29مارچ کو ہونے والی شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں اہم سیاسی،سماجی،مذہبی،شوبز،سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے اہم نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کی تیاری تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہر طرح کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔