شہری کوجعلی مقابلہ میں ہلاک کرنیوالے اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے عدالتی حکم عدولی کرنے پر مبینہ جعلی پولیس مقابلہ میں شہری کو ہلاک کرنے کے مقدمہ میں ملوث سی آئی اے کے انسپکٹر سمیت 7پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے 28مارچ کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے فیض الرحمن کے مقدمہ میں ملوث انسپکٹر سی آئی اے افتخاررسول، سب انسپکٹرندیم اختر، پولیس کانسٹیبل کبیرحسین، اسحاق،قیصرعباس،فرخ بشیر اور منظورحسین کے متعدد بار طلبی کے نوٹس جاری کئے لیکن وہ پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے مذکورہ تمام پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا ہے پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ استغاثہ کے مطابق مذکورہ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے فیض الرحمن کو حراست میں لے کر مبینہ طور پرہلاک کردیا اوربعد میں پولیس مقابلہ کا رنگ دے دیا تھا۔