آئر لینڈ تاریخ دہرانے، شاہین2007ء کا بدلہ چکانے کیلئے آج میدان میں اتریں گے

آئر لینڈ تاریخ دہرانے، شاہین2007ء کا بدلہ چکانے کیلئے آج میدان میں اتریں گے

 ایڈیلیڈ( سپورٹس رپورٹر)پاکستانی شاہین 2007ء کابدلہ چکانے جبکہ آئرلینڈ تاریخ دہرانے کے لئے آج ( اتوار ) کو میدان میں اترے گی، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان گروپ بی کا اہم میچ آج ( اتوار ) ایڈیلیڈ اوول گراونڈ میں کھیلا جائیگا۔دونوں ٹیموں کے لئے یہ میچ فائنل کی صورت اختیارکرچکاہے جوٹیم یہ میچ جیتے گی وہ اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلے گی۔ پاکستان ٹیم کی کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کے لیے اس میچ میں کامیابی ضروری ہے۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق یہ میچ صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ایڈیلیڈ اول میں پریکٹس سیشن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو پیغام دیا ہے کہ 18 کروڑ عوام کی نظریں ہم پر لگی ہوئی ہیں لہٰذا اپنی پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان میں صرف اور صرف جیت کے لیے اترا جائے۔ ملک کے لیے سب کچھ قربان کر دو، 1992ء کی تاریخ رقم کرنے کے لیے تمام کھلاڑیوں کو اچھا پرفارم کرنا ہوگا۔تین میچوں میں مسلسل کامیابی سے قومی ٹیم نے جیت کا ردھم حاصل کر لیا ہے تاہم آئرلینڈ کے خلاف میچ میں تمام کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایڈیلیڈ کی وکٹ بلے بازوں کے لیے ساز گار ضرور ہے تاہم شام کے اوقات میں چلنے والے ہوا سے ہمارے باولر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ موجودہ وقت میں ہمارے بلے باز رنز بھی کرنا شروع ہو گئے ہیں جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہوگا۔ ہمارے چاروں فاسٹ باولرز بہت اچھی باولنگ کر رہے ہیں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں کامیابی میں انہوں نے کردار ادا کیا تھا کسی ایک کو بھی ڈراپ کرنے کا فیصلہ بہت مشکل ہے۔ جہاں تک یاسر شاہ کے شامل کرنے کی بات ہے آئرلینڈ ٹیم سپن باولنگ کو اچھا کھیلتی ہے ماضی میں عبدالرحمان اور سعید اجمل کی موجودگی میں وہ بورڈ پر اچھے رنز بنا چکی ہے دوسری جانب آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کو اپنے آخری پول میچ میں شکست دے سکتی ہے، تمام کھلاڑیوں کا اعتماد عروج پر ہے اور پاکستان کے خلاف کامیابی کاموقع ہم ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک محنت سے کھیلا ہے اور کوارٹر فائنل تک رسائی ہم سب کھلاڑیوں کا ایک بڑا خواب ہے اس کو پورا ضرور کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مضبوط حریف ہے لیکن ہم اس کے پریشر میں نہیں آئیں گے بلکہ اس کو پریشر میں رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اورآئرلینڈکی ٹیموں کے مابین 2007ء سے اب تک مجموعی طورپر5ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے جن میں سے3میچ پاکستان نے جیتے،ایک میچ آئرلینڈنے جیتااورایک میچ برابررہاپاکستان کی کامیابی کاتناسب70فیصداورآئرلینڈکی کامیابی کاتناسب30فیصدہے۔ورلڈکپ میں پاکستان اورآئرلینڈکے مابین واحدمیچ 17مارچ2007ء کوکنگسٹن میں کھیلاگیاجس میں آئرلینڈنے پاکستان کو3وکٹوں سے شکست دے کرورلڈکپ کابڑااپ سیٹ کیااورورلڈکپ سے باہرکردیاتھادونوں ٹیموں کے مابین آخری میچ26مئی2013ء کوڈربن میں کھیلاگیاجوپاکستان نے دووکٹوں سے جیتا۔

مزید : صفحہ اول