خیبرپختونخواپولیس کو سیاست سے پاک کر دیا، مسائل کا حل جرگہ سسٹم سے ممکن ہے عمران خان
پشاور (آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نے کہا ہے کہ مسائل کا حل جرگہ سسٹم کے تحت ممکن ہے، عوام اپنے مسائل جرگے کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیں،خیبر پختونخواپولیس کو 21 ویں صدی میں لے گئے ہیں،پولیس کو دیگر صوبوں کے لئے مثالی بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے اور نہ ہی پولیس کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی بھی مخالف کے لئے جھوٹی ایف آئی آر درج نہیں کرائی ،انہوں نے کہا کہ پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے سوچ رہے ہیں اور بہترین کارکردگی پیش کرنے والوں انعامات سے نوازا جائیگا،انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان دور یاں ختم ہو گئیں ہیں اور اس سلسلے میں ہیلپ لائن اور آن لائن ایف آئی آر سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے ،شہری گھر بیٹھے اپنے مسائل حل کرا سکیں گے ،اس سسٹم سے شہریوں کو گھر بیٹھے مفت انصاف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 11 کروڑ عوام غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ان کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں،خیبر پختونخواہ میں عوام کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں،صوبے میں 2015 ء میں کرائم کی شرح کم ہوگئی ہے ۔