پاکستان کیخلاف انتہائی مکروہ پروپیگنڈہ کیا گیا، کچھ لوگ ملک میں رہ کر ملک کو گالی دیتے ہیں : جنرل زبیر محمود حیات
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے پاکستان کے لوگ بردبار، انتہائی صبر و استقامت والے ہیں،پاکستان کیخلاف انتہائی مکروہ پروپیگنڈہ کیا گیا،کچھ لوگ ملک میں رہ کر ملک کو گالی دیتے ہیں ،نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے مثبت کاوشیں بروئے کار لائی جائیں، پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے،قائد اعظم کیساتھ علامہ اقبال کی روح اور کلام کو سمجھنا ضروری ہے، آئندہ 30 سال میں پاکستان ترقی کرتے پہلے 10 ممالک میں ہو گا۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کنفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹیڈیز کے زیر اہتمام ’قومیت اور پاکستانیت‘کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ آج نوجوانوں سے خطاب کا موقع ملنا خوش آئند ہے، میں پہلے پاکستانی پیدائشی تھا اور آج ازخود پاکستانی ہوں، پاکستان کی مٹی کی خوشبو اور شان ہی نرالی ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ مخلص، دیانتدار،پرعزم اور عظیم رہنما تھے، قائد اعظمؒ کیساتھ علامہ اقبالؒ کی روح اور کلام کو سمجھنا بھی ضروری ہے،پاکستانیت، قائد اعظم محمد علی جناحؒ ، علامہ اقبالؒ کیساتھ اور ان کے افکار کیساتھ وابستہ ہے،دونوں عظیم رہنماؤں نے تعلیم مغرب سے حاصل کی لیکن ان میں پاکستانیت عیاں تھی۔انہوں نے کہا کہ اپنی تاریخ سے نہ جڑنے والی قوموں کا کوئی مستقبل نہیں ہے ، ہم دریائے سندھ، مہرگڑھ، ہنزہ ویلی سمیت تاریخی تہذیبوں کے امین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم حقیقی تہذیب و تمدن کی امین ہے،ہجرت کرنے والے ایک کروڑ 50 لاکھ قافلے اپنی تاریخ و تمدن کے تحفظ کیلئے یہاں آئے، اسلام کی بنیاد اور اسلامی کیلنڈر کی شروعات ہی ہجرت سے ہے،پاکستان کی بات ہو گی تو اس کے جغرافیہ کی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس برف پوش پہاڑ، صحرا، دریا، کھیتیاں اور کیاکچھ نہیں ہے؟پاکستان، دنیا کی کئی تہذیبوں، تاریخ کا مسکن اور ربط قائم کرنیوالا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف انتہائی مکروہ پروپیگنڈہ کیا گیاہے،کچھ لوگ ملک میں رہ کر ملک کو گالی دیتے ہیں لیکن میں اس سے متعلق بات نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیت کے اوپر کبھی دھول نہ آنے دیں، نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے مثبت کاوشوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ 20 لاکھ لوگوں کا ملک ہے جس نے آبادی کے لحاظ برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا،آئندہ 30 سال میں پاکستان ترقی کرتے پہلے 10 ممالک میں ہو گا،پاکستان کے لوگ صوفیانہ طرز زندگی کے قائل اور میزبان ہیں،دنیا میں قدرتی آفات کے وقت لوگ علاقے سے بھاگتے ہیں اور یہاں لوگ آفت زدہ علاقے کو مدد کیلئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ2005ء کے زلزلے کے بعد خون کا عطیہ دینے کیلئے اتنے لوگ تھے کہ بہت سوں کا عطیہ بھی نہیں لے سکے اور بچے تک ناراض ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج پوری دنیا میں پرعزم اور بہترین لڑاکا فوج ہے، پاکستان، بہترین بردبار ملک اور یہاں کے لوگ انتہائی صبر و استقامت والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 52 فیصد خواتین ہیں اوروہ بہترین انداز سے با اختیار بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھرپور یقین رکھیں، دنیا کی قومیں مشکلات میں ختم ہو گئیں لیکن ہم کامیابیوں کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔