اب آپ 14 لاکھ روپے خرچ کرکے ہمیشہ ’زندہ‘ رہ سکتے ہیں، سائنسدانوں نے طریقہ ایجاد کرلیا، تہلکہ برپا کردیا
واشنگٹن(نیوز ڈیسک)دائمی زندگی ہمیشہ سے انسان کا خواب رہی ہے۔ پرانے وقتوں میں لوگ اس خوا ب کو پورا کرنے کے لئے ’آب حیات‘ کی تلاش میں نکلا کرتے تھے لیکن جدید دور کے سائنسدانوں نے مصنوعی ذہانت اور سپر کمپیوٹروں کی مدد سے یہ خواب پورا کرنے کی ٹھان لی ہے۔ اس منصوبے پر کام کرنے والے امریکی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی زندگی کا خواب اب پور اہونے والا ہے کیونکہ انسانی دماغ کو سپر کمپیوٹر میں اپ لوڈ کرنے کی ٹیکنالوجی آنے والے چند سالوں میں دستیاب ہو جائے گی۔ ان سائنسدانوں کو امید ہے کہ اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئی بھی شخص اپنی جسمانی موت کے بعد بھی دماغی طور پر اس دنیا میں موجود رہ سکتاہے۔ ہمیشہ کی زندگی کا سہانا خواب دکھانے والی کمپنی کا نام ’نیٹ کوم‘ ہے، جس کے ساتھ اب تک 25 دولتمند افراد نے معاہدہ کر لیاہے۔ اس معاہدے کے تحت کمپنی ان افراد کے دماغ کو محفوظ کرے گی اور بعد ازاں اسے ڈیجیٹل فارم میں منتقل کر کے سپر کمپیوٹر میں اپ لوڈ کرے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص 10ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 14 لاکھ پاکستانی روپے)ادا کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتا ہے۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
نیٹ کوم کے بانی رابرٹ میکنٹائر نے بتایا کہ جو بھی شخص ان کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرے گا اس کی موت کے فوراً بعد اس کا دماغ محفوظ کرلیا جائے گا تاکہ اسے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے دوبارہ بحال کیا جاسکے۔ محفوظ کئے گئے دماغ کو دوبارہ ایک کمپیوٹر کی صورت میں بحال کیا جائے گا جس میں وہ تمام سوچیں اور خیالات موجود ہوں گے جو مرنے والے شخص کی زندگی میں اس کے دماغ میں پائے جاتے تھے۔ رابرٹ کا کہنا تھا کہ آنے والے چند سالوں میں دماغ کے اندر موجود تمام معلومات کو ڈیجیٹل شکل دینے کی ٹیکنالوجی وجود میں آجائے گی جس کے ذریعے محفوظ کئے گئے دماغوں کو ایک کمپیوٹر چپ کی صورت میں پھر سے ’زندہ‘ کیا جاسکے گا۔