چوتھے سیزن میں بھی آﺅٹ ہونے والی کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے معافی مانگ لی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں بھی ناکام رہنے والی ٹیم کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے مداحوں سے معافی مانگ لی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کھانے والی کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کراچی کے مداحوں سے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز نے ایک بار پھر مداحوں کو مایوس کیا ہے جس پر وہ کراچی سے معافی مانگتے ہیں۔
سلمان اقبال نے کہا کہ ان کی ٹیم باہر ہوگئی لیکن وہ اب بھی یقین رکھتے ہیں کہ پی ایس ایل میں جیت پاکستان کی ہوئی ہے۔ انہوں نے فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد بھی دی۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 4 کے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے تھے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 162 رنز کا ہدف تین گیندیں پہلے ہی 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔