پہلا پنجابی کلچر ڈے، پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی کی شاندار تقریب، کرونا کے خطرے کے باوجود لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت

پہلا پنجابی کلچر ڈے، پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی کی شاندار تقریب، ...
پہلا پنجابی کلچر ڈے، پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی کی شاندار تقریب، کرونا کے خطرے کے باوجود لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کی جانب سے شملہ پہاڑی لاہور میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر شاندارتقریب منعقد کی گئی، پریس کلب کے باہر منعقدکیے جانے والے پروگرام میںسینکڑوں افراد نے شرکت کی اس موقع پر پنجاب کے روایتی رنگ بھنگڑا ، جھومر ، لڈی ، ڈھول ، بینڈ، بھگیاں ، گھوڑا ڈانس، لوک موسیقی سمیت دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ، نامور گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا۔

نیا پنجابی سال شروع ہونے کے موقع پر چیت کے مہینے کی پہلی تاریخ کو پنجابی ثقافت کے دن کے موقع پر مرد وخواتین شرکاءنے پنجابی روایتی نغموں پر خوبصورت لباس میں ملبوس ہو کر پنجابی رقص پیش کیے ، کرونا وائرس کے خطرات کے باوجود زندہ دلان لاہور اور گردو نواح کے نوجوانوں نے پنجاب کلچر ڈے میں بھرپور شرکت کی ۔

خواتین کی بڑی تعداد بگھیوں کی سواری سے لطف اندوز ہوتی ر ہی، اس موقع پر ریلوے پولیس بینڈ نے بھی خوبصورت دھنیںبکھیریں ، پورے شہر کو بھی خوبصورت سٹیمروں اور بینروں سے سجایا گیا تھا۔ ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ، پاکستان ریلوے ، اور ضلعی حکومت کے اشتراک سے اس خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا ، شرکاءنے پنجاب کی تقسیم کے خلاف نعرے بازی بھی کی ، بزرگ پنجابی رہنما پنجابی پرچار کے جنرل سیکرٹری اور پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کے سینئر وائس چیئرمین پروفیسر طارق جتالہ نے پہلے پنجابی کلچر ڈے کے تاریخی موقع پر تقریبات کا آغاز کیا او ر تاریخ رقم کر دی۔

اس موقع پر معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی کو ذریعہ تعلیم بنایاجائے اور حکومت پنجاب کی تقسیم کا فیصلہ واپس لے، پنجاب کی تقسیم کے خلاف شہر شہر مہم چلاﺅں گااور پنجاب کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کے صدر احمد رضا وٹو نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب کلچر ڈے منایا گیا ہے جو پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے اب اس دن کو حکومت نے سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کر دیا ہے جو پنجابی تحریک کی بڑی کامیابی اور خوش آئند ہے۔ انہوں نے پنجاب کلچر ڈے کے پہلے کنوینئر میاں آصف علی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن کی دن رات محنت سے یہ دن یادگار بن گیا، صدر پنجابی پرچار اور پنجاب نیشنل پارٹی پاکستان نے واضح کیاکہ کسی طاقت کو پنجاب تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تقریب میں مختلف پنجابی تنظیموں دل دریا پاکستان ، رواداری تحریک ،پنجابی ادبی بیٹھک ، پنجابی ادبی بورڈ ، لوکائی ، بھلیکھا ،پنجابی سٹوڈنٹس ایسوی ایشن ، پنجاب نیشنلسٹ فورم ، سمیت دیگر تنظیمیں بھی شریک تھیں ، تقریب میں پنجابی رہنما دیپ سعیدہ ، الیاس گھمن ، بابا نجمی ،جمیل پال ، مدثر بٹ ، پروفیسر طارق جتال ، شہزاد عمار ، علی احمد گجراتی ، خلیل اوجلہ ، کاشف حسین ، نین سکھ ، عامر ریاض ، غزالہ نظام دین ، افضل ساحر ، نزیر جوئیہ اقبال قیصر ، محمد زبیر ، پروین ملک ، ظاہر بھٹی ، حسنین بھٹی ، محمد علی بابر جالندھری ، انجم گل ،ندیم ارائیں سمیت پورے پنجاب سے پنجابی رہنما شریک ہوئے ۔

اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ایس پی سول لائن ، ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ نے تقریب کے شرکاءکو کرونا وائرس سے بچاو کی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر بھی بتائیں۔

مزید : ادب وثقافت /علاقائی /پنجاب /لاہور