سانحہ رائیونڈکے پولیس شہدا کی دوسری برسی،قبروں پر سلامی
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سانحہ رائیونڈکے شہداء کی دوسری برسی عزت واحترام سے منائی گئی۔ لاہور پولیس کے مسلح دستوں نے شہداء کی قبروں پرسلامی دی اور پولیس کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ دو سال قبل رائیونڈ اجتماع پرسکیورٹی پر تعینات پولیس افسروں اور اہلکاروں نے جان دی تھی۔
ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل ظفر کے زیر انتظام سب انسپکٹرمحمد اسلم شہید کی آخری آرام گاہ واقع گاؤں لکھو وال رائیونڈ، سب انسپکٹر منظور احمد شہید کی آخری آرام گاہ واقع بابافریدکالونی چونگی امرسدھو، کانسٹیبل محمد سعید کی آخری آرام گاہ واقع گاؤں دیو ثانی ہڈیارہ جبکہ دورانِ گشت جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد ظفر اقبال کی تیسری برسی کے موقع پر قبرستان غوثیہ کالونی مغلپورہ پرتقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ایس پی صدر ڈویژن سید غضنفر علی، ڈی ایس پی کاہنہ سید اقبال شاہ، ڈی ایس پی باغبانپورہ ارشد حیات کانجو، ڈی ایس پی شمالی چھاؤنی ذوالفقار بٹ،شہداء کے ورثاء،پولیس افسران و جوان اور اہل علاقہ نے تقریبات میں شرکت کی۔۔اس موقع پر شہداء کے درجات بلندی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے شہدائے رائیونڈ کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور پولیس نے دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے کبھی بزدلی کا مظاہر ہ نہیں کیا۔ مستقبل میں بھی ایثار، قربانی اور بہادری کی نئی روایات قائم کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل رائیونڈ اجتماع کے موقع پرسکیورٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور اپنی جانیں قربان کر کے رائیونڈ اجتماع ہزاروں شرکاء کی جانوں کی حفاظت کی۔رائے بابر سعید نے کہا کہ ملک وقوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاہور پولیس کے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اِن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں سب انسپکٹرز منظور احمد اورمحمد اسلم، ہیڈ کانسٹیبلز محمد نعیم اورمحمد سعید جبکہ کانسٹیبلز محمد تنویر، صابر علی اور محمد سعیدشامل تھے۔ رائیونڈ اجتماع کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاہور پولیس کے شہداء کی یاد آج بھی دلوں میں تازہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا ء کے لواحقین کی مناسب دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔