صنعتوں کیلئے لینڈ کنورژن چارجز میں کمی کی جائے،عرفان شیخ

صنعتوں کیلئے لینڈ کنورژن چارجز میں کمی کی جائے،عرفان شیخ

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ صنعتوں کیلئے لینڈ کنورژن چارجز میں فوری طور پر کمی لائے اور موجودہ صنعتوں کو بغیر کسی فیس کے ریگولرائز کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھے ایک خط میں عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ لینڈ کنورژن چارجز بہت زیادہ ہیں اور صنعتیں انہیں ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کی جانب سے 2004میں زمینی حقائق کو مد نظر رکھے بغیر لاہور کا ماسٹر پلان متعارف کرایا گیا تھا۔ 90ء کی دہائی کے شروع میں پنجاب حکومت نے دیہی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ پلان کے تحٹ شہر (چونگی) سے باہر صنعتی یونٹ قائم کرنے کی اجازت دی تھی، جسکے نتیجے میں لاہور شہر اور اس کے گردو نواح میں بڑی تعداد میں صنعتیں قائم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ موجودہ صنعتی یونٹس کو بغیر کسی فیس اور کنورژن چارجز کے ریگولرائز کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

یہ بات قابل تشویش ہے کہ نئے تجویز کردہ کنورژن چارجز انتہائی زیادہ ہیں جنہیں صنعتوں کیلئے فوری طور پر 1%کیا جائے۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ اس سے ناصرف تاجر برادری کے مابین غیر یقینی کی سی صورتحال میں کمی آئے گی بلکہ صوبے بھر میں صنعتکاری کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4