کرونا وائرس،احتیاطی تدابیر شرعی تعلیمات کے عین مطابق، مفتی تقی عثمانی

کرونا وائرس،احتیاطی تدابیر شرعی تعلیمات کے عین مطابق، مفتی تقی عثمانی

  



کراچی(آئی این پی)ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کرونا وائرس کی وبا سے متعلق حکومت سے جاری ہونے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی احکامات پر پابندی شرعی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ کرونا کی وبا کا چرچا ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے، اس کی روک تھام اور خود محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے ایک حدیث بیان کی اور بتایا کہ رسول کریمﷺ نے حکم دیا ہے کہ ایسے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، آپ ؐنے طاعون کے بارے میں یہ فرمایا تھا کہ جب کسی جگہ طاعون پھیلے تو باہر کے لوگ اندر اور اندر کے لوگ باہر نہ آئیں۔ بعض حضرات سمجھتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں اللہ پر توکل کی خلاف ورزی ہوتی ہے، یہ بات صحیح نہیں ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شریعت کا تقاضہ ہے، حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے جو ہدایات جاری کی گئیں ان کی پابندی شرعی اعتبار سے ضروری اور مناسب ہے۔ اگر حاکم وقت کسی مصلحت کے تحت کوئی حکم دے توسب پر اس کی پابندی لازم ہوجاتی ہے، بالخصوص بڑے اجتماعات میں وائرس کے پھیلنے کے خطرات زیادہ ہیں، اس لیے شادی بیاہ جیسے بڑے اجتماعات موخر کریں اور اگر بہت ضروری ہے تو ان کو بالکل ہی مختصر کریں۔انہوں نے کہا کہ باجماعت نمازوں میں بھی خیال رکھیں کہ نمازی سنتیں گھر سے ادا کر کے آئیں اور نماز کے بعد کی سنتیں بھی مسجد کے بجائے گھر جاکر ہی ادا کریں کیونکہ گھر میں سنتیں پڑھنا زیادہ افضل ہے۔

مفتی تقی عثمانی

مزید : صفحہ آخر