پاکستان مسلم امہ کو متحد کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے:علی امین گنڈا پور

پاکستان مسلم امہ کو متحد کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے:علی امین ...

  



اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کے حلقے این اے 38ڈیرہ اسماعیل خان سے گذشتہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے امیداوار مخدوم محمد علی رضا شاہ نے وفاقی وزیر امو ر کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورسے اسلام آباد میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے مخدوم محمد علی رضا شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ا و ر ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ان کی شمولیت تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر عوا م کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ مخدوم علی رضا شاہ کی شمولیت سے تحریک انصاف ڈیرہ اسماعیل خان میں اور بھی مضبوط ہو گی۔ اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر چلنے کا عزم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام شہری و دیہاتی علاقوں میں پینے کے صاف پانی، تعلیم و صحت کی سہولیات،روزگار کی فراہمی، نکاسی آب اورکم وولٹیج کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات ہیں اور حلقے کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے وہ اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ملک میں معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور آئندہ مالیاتی سال میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خاطر خواہ فنڈز دستیاب ہوں گے جس سے ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔ عمران خان کی صو ر ت میں ملک کو ایماندار اور محب وطن قیادت میسر ہے،انہیں نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ بین الاقوامی دنیا میں بھی ا نتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اسی قابل اعتماد قیادت کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کے عزت و وقار میں زبردست اضافہ ہوا اور پاکستان بین الاقوامی تنہائی سے باہر نکل کر ایک تاریخی کامیاب سفارتکاری کے راستے پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف افغان امن معاہدے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ امت مسلمہ کو اکھٹا کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہاہے۔

علی امین گنڈاپور

مزید : صفحہ آخر