فیصل آباد کو مستقبل کا جدید شہر بنانے کیلئے 20سالہ ماسٹر پلان بنا لیا:سہیل خواجہ

فیصل آباد کو مستقبل کا جدید شہر بنانے کیلئے 20سالہ ماسٹر پلان بنا لیا:سہیل ...

  



فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) فیصل آباد کو مستقبل کا جدید منظم اور متحرک شہر بنانے کیلئے 20سالہ ماسٹر پلان پر کام ہو رہا ہے جس کے تحت رنگ روڈ کے ساتھ تمام علاقوں کی زوننگ بھی کی جائے گی۔ یہ بات فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل خواجہ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔محمد سہیل خواجہ نے بتایا کہ رنگ روڈ شہر کے مشرقی اور مغربی حصے سے گزرنے والی دونوں موٹر ویز کو آپس میں ملانے کے علاوہ اندرون شہر ٹریفک کے دباؤ کو بھی کم کرے گی جبکہ صحت، ایجوکیشن اور صنعت سمیت مختلف شعبوں کیلئے الگ الگ علاقے مختص کئے جائیں گے اور وہاں کسی دوسرے کاروبار کی اجازت نہیں ہو گی۔ بائی پاس کے پہلے ڈرافٹ کے بعد دوسرا ڈرافٹ بھی آگیا ہے جس کے بارے میں انہیں بہت جلد پریزنٹیشن دی جائے گی جبکہ اس ڈرافٹ پر رائے لینے کیلئے اس کی کاپیاں ڈپٹی کمشنر اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو بھی بھجوائی جائیں گی۔ رنگ روڈکیلئے زمین حکومت دے گی جبکہ نجی کمپنی سڑک تعمیر کر کے ٹول کے ذریعے اپنی رقم اکٹھی کرے گی۔ اس ہائی سپیڈ رنگ روڈ پر داخلہ انٹر چینج کے ذریعے ہی ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایف ڈی اے کے علاقہ میں سوا چھ سو کے قریب کالونیاں ہیں جن میں سے 118منظور شدہ اور 300کے کیس زیر تکمیل ہیں جبکہ باقی تمام غیر قانونی ہیں۔ اس نظام کو کمپیوٹر ائزڈ کر رہے ہیں۔ فیصل آباد پیالہ نما شہر ہے جہاں سے پانی کو بھاری اخراجات کرکے پمپ آؤٹ کرنا پڑتا ہے لیکن بدقسمتی سے 2لاکھ 80ہزار صارفین نکاس آب کیلئے 50روپے ماہوار بھی دینے کو تیار نہیں۔ جس کی وجہ سے واسا کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ٹریفک کا بھی ماسٹر پلان بنا رہے ہیں جس میں سڑکوں کی ری انجینئرنگ، اندھے موڑوں اور تنگ راستوں کی نشاندہی کر کے ان کے حل کیلئے مستقل اور قابل عمل سفارشات تجویز کی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر 5 سڑکوں کو ماڈل بنایا جائے گا۔69پارکوں میں پھل دار پودے لگائے ہیں جن سے نہ صرف آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ ایف ڈی اے کو پھلوں کی فروخت سے آمدن بھی ہو گی۔

سہیل خواجہ

مزید : صفحہ آخر