کرونا وباء،امریکی تاریخ میں پہلی بار 7مائی کے بجائے آج ”قومی یوم دعا“ قرار

  کرونا وباء،امریکی تاریخ میں پہلی بار 7مائی کے بجائے آج ”قومی یوم دعا“ قرار

  



واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف)کرونا وائرس کی عالمی وباء سے نمٹنے کیلئے امریکہ میں سخت گیر اقدامات کا اعلان کرنے کیساتھ صدر ٹرمپ نے آج اتوار 15مارچ کو ”قومی یوم دعا“ قرار دیدیا۔ اپنے ٹوئٹ پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ ایسے مواقع پر ہمارے ملک نے پوری تا ریخ میں تحفظ اور قوت کیلئے خدا کی طرف رجوع کیا ہے۔“ انہوں نے تمام امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے عقیدے کے مطابق خدا سے دعا مانگیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہم سب مل کر اس پر قابو لیں گے۔ قومی یوم دعا عموماً 7مئی کو منایا جاتا ہے اور اس سے ہٹ کر پہلی مرتبہ 15مارچ کو یوم دعا قرار دیا گیا ہے۔ قبل ازیں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ اور اس مقصد کیلئے پچاس ارب ڈالر کا فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر وائرس سے نمٹنے کے پروگرام کے انچارج نائب صدر مائیک پنس اور ٹاسک فورس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس دوران کانگریس بھی مفاہمت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔جہاں ایوان نمائندگان نے فنڈ کے بل کو پہلے ہی منظور کر لیا ہے اور سینیٹ بھی جلد منظور کرے گی۔ وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ انتظامیہ کی طرف سے گھبراہٹ یا پریشانی کا اظہار نہیں ہے بلکہ وفاقی فنڈ کو نچلی سطح تک جلد از جلد پہنچانے کیلئے ایک قانونی تقاضا ہے۔

قومی یوم دعا

مزید : صفحہ اول