پی ٹی آئی حکومت کاغذ کی کشتی میں بیٹھ کر سمندر کا سفر کر رہی ہے،سراج الحق

پی ٹی آئی حکومت کاغذ کی کشتی میں بیٹھ کر سمندر کا سفر کر رہی ہے،سراج الحق

  



لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کاغذ کی کشتی میں بیٹھ کر سمندر کا سفر کر رہی ہے، موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام اور نااہل ترین حکومت ہے،وفاق اور صوبوں میں اعتماد نہیں رہا جس کی اصل ذمہ دار مرکزی حکومت ہے، وفاقی حکومت صوبوں کو ان کے حقوق دے تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ ہوسکے،خیبر پختونخوا ہ کے جنوبی اضلاع گیس اور تیل سمیت قدرتی معدنیات سے مالا مال ہیں مگر مقامی آبادی کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جارہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مفتاح العلوم کرک میں جلسہ دستار فضیلت سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 161 وفاق کو پابند کرتاہے کہ معدنیات سے حاصل ہونے والی آمدن مقامی آبادی پر خرچ کی جائے۔ اسی طرح آئین کا آرٹیکل 160 کا تقاضا ہے کہ وفاقی حکومت ہر پانچ سال بعد صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دے مگر حکومت مسلسل اس سے پہلو تہی کر رہی ہے۔ وزیراعظم کے مہنگائی میں کمی کے دعوؤں پر عوام حیرت زدہ ہیں اور حکمرانوں کی ذہنی حالت پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ حکومت کی طرف سے عوام کو ملنے والا ریلیف دور بین سے بھی نظر نہیں آرہا۔ مدارس اسلام کے قلعے ہیں، ان کی حفاظت ہمار ے لیے عین عبادت ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ابھی تک اپنی سمت کا تعین نہیں کر سکی۔ وفاقی کابینہ کے کچھ وزراء مشرق اور کچھ مغرب کو جارہے ہیں اور خود وزیراعظم گومگوں کی کیفیت سے نہیں نکل رہے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ اول