ملک میں جمہوریت صرف اپوزیشن کی وجہ سے قائم:شاہد خاقان
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں۔ جمہوریت صرف اپوزیشن کی وجہ سے قائم ہے۔ بہاولپور،جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانا چاہیے، کوئی ایک جماعت صوبہ نہیں بناسکتی،تمام جماعتو ں کوملکرکام کرنا چاہیے۔گزشتہ روزملتان میں پارٹی کے سینئر رہنما جاوید ہاشمی اور احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ہم اقتدارکی جنگ نہیں لڑ رہے، چاہتے ہیں عوام کے منتخب نمائندے مسائل حل کریں۔ موجودہ حکومت متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئی، ملک میں آٹا، چینی کا بحران، ہر کوئی پریشان ہے، جمہوریت،آئین کی پاسداری کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، حکو مت سیاسی مخالفین پر دباؤڈال رہی ہے، اپوزیشن کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ڈیڑھ سال ہو گیا،ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے۔ حکو مت نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے جمہوریت کوتقویت مل سکے۔ جیلوں سے مسلم لیگ (ن) ڈرنے والی نہیں،ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا مخالفین پرہیروئن کے کیسزڈالے گئے۔ ہمیں جیل جانے کا راستہ تعلیم کے دوران جاوید ہاشمی نے بتایا تھا، مسلم لیگ ن نے بجلی، گیس کے بحران کوحل کیا، آج ہماری تمام محنت ضائع ہوچکی ہے،اس موقع پر سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا حکو مت اگرجنوبی پنجاب، بہاولپورصوبے بنائے گی تواپوزیشن غیرمشروط ووٹ دے گی۔ ڈیڑھ سال میں حکومت نے جنوبی پنجاب میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا۔ سیاست، معیشت، دفاع کا گہرا تعلق ہے جب تک تینوں شعبے ترقی نہیں کریں گے دفاع مضبوط نہیں ہوسکتا۔ آئندہ انتخابات کے بعد حکومتوں کو گرانے کی سازشیں ختم ہونی چاہئیں، تمام سیاسی جماعتوں، سٹیک ہولڈر کوملکراس حوالے سے اتفاق کرنا ہوگا۔ ہم سب کوملکرحکومت سے نجات حاصل کرنی ہے، جبکہ نجات کا راستہ صاف،شفاف انتخابات ہیں۔ عمران خان کے پیچھے فارن فنڈنگ ہے، پا کستان دشمن لابی نے ان پر پیسہ لگایا، اس نے ڈیڑھ سال میں معیشت،سیاست کوتباہ کر دیا ہے۔ پاکستان میں فسطایت وجمہوریت کی لڑائی ہے، حکومت نے فسطایت اوراپوزیشن نے جمہوریت کا پرچم اٹھارکھا ہے۔ جاوید ہاشمی جمہوریت کے کارواں کے بہت بڑے سالارہیں، ملتان کا دورہ نجی نوعیت کا تھا۔دریں اثناء لیگی رہنما جاوید ہاشمی نے شاہدخاقان عباسی،احسن اقبال کوتاریخ کا ہیروقراردیتے ہوئے کہا دونو ں لیگی رہنماؤں نے جبرکوبرداشت کیا۔
شاہد خاقان