حکومت کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے غافل نہیں، ہمایوں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کورانا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے ہرگز غافل نہیں بلکہ اس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان سے متعلق مایوسی پھیلانے سے گریز کریں بلکہ اپنی جماعت کے پرزور مطالبے کو خاطر میں لاتے ہوئے ملک میں واپس آ ئیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر پیشگی انتظامات کا آغاز کر دیا گیا تھا اور وزیر اعظم عمران خان اس حوالے سے سارے معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
۔حکومت نے ایک طریق کار وضع کیاہے جس کے تحت مرکز اور صوبے کورانا وائرس کے بارے میں تازہ ترین معلومات اوراعدادوشمارکے تبادلے کیلئے رابطے میں ہیں۔حکومت نے ایمر جنسی کے تحت بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرزدرآمدکرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ جہاں بھی ضرورت ہو ان کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تمام ادارے الرٹ ہیں اور ہر لمحے بدلتی صورتحال کا نہ صرف بغور جائزہ لیا جارہا ہے بلکہ اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر مناسب اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر تقریباً 10لاکھ افراد کی سکریننگ کی گئی جبکہ مختلف ہسپتالوں میں اس مرض کی تشخیص کے آلات فراہم کردئیے گئے ہیں اس لئے اپوزیشن کو اپنی سیاست کیلئے منفی پراپیگنڈے سے گریز کرنا چاہیے۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیشت کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والی مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر اورمگر مچھ کے آنسو بہا کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، آج معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور اسی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں اور انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کے اس درد میں مزید اضافہ ہوگا۔