جنرل ہسپتال، پروفیسر آغا شبیر علی کو ریٹائرمنٹ پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا

جنرل ہسپتال، پروفیسر آغا شبیر علی کو ریٹائرمنٹ پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسر آف امراض بچگان پروفیسر آغا شبیر علی اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر اور فیکلٹی ممبران نے پروفیسر آغا شبیر علی کو گولڈ میڈل سے نوازا اور اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ سرکاری ملازمت سے باعزت طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دیتے ہوئے ریٹائر ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں،ایسے ڈاکٹرز نہ صرف ملک کا بلکہ اپنے ادارے کا بھی نام روشن کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ پروفیسرز،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین،ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز گجر،ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو، ڈاکٹرز،نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پروفیسر آغا شبیر علی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور نوجوان ڈاکٹروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ طب کا شعبہ خالصتاً دکھی انسانیت کی خدمت ہے لہذا مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ان سے خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آیا کریں اس پر نہ تو کوئی خرچ آتا ہے بلکہ آپ کی مسکراہٹ سے مریض کا آدھا درد بھی ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم بی بی ایس کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا کریں تاکہ طب سے وابستہ جدید تحقیق سے علم میں اضافہ ہو سکے۔پروفیسر آغا شبیرعلی نے پرنسپل الفرید ظفر سمیت ادارے کے تمام سٹاف کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ اداکیا۔